اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،ہندوستان میں آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے وکیل حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید احمد علی عابدی نے رہبرِ انقلاب حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عظیم قربانی شجرۂ شہادت کو مزید تناور کرے گی اور حق کی تحریک کبھی خاموش نہیں ہوگی۔
ہندوستان میں آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے وکیل مولانا سید احمد علی عابدی کا رہبرِ انقلاب کی شہادت پر تعزیتی بیان جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛
انا لله و انا الیه راجعون
مِنَ الْمُؤْمِنِينَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللَّهَ عَلَيْهِ ۖ فَمِنْهُمْ مَّنْ قَضَىٰ نَحْبَهُ وَمِنْهُمْ مَّنْ يَنتَظِرُ ۖ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِيلًا۔
مومنین میں ایسے بھی مرد میدان ہیں جنہوں نے اللہ سے کئے وعدہ کو سچ کر دکھایا ہے ان میں بعض اپنا وعدہ پورا کرچکے ہیں اور بعض اپنے وقت کا انتظار کررہے ہیں اور ان لوگوں نے اپنی بات میں کوئی تبدیلی نہیں پیدا کی ہے۔
شہادت وہ راستہ ہے جو آغاز ہی سے ہمارے لیے معین کر دیا گیا ہے۔ کچھ لوگ اس راستے پر چل کر اپنی منزل پا چکے ہیں اور کچھ منتظر ہیں۔
رہبرِ انقلاب، حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کی دل سوز شہادت پر ہم ملتِ عزیز ایران کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔ یہ ایسی عظیم شہادت ہے جس نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
رہبر انقلاب طویل عرصے تک ملک و ملت کے تحفظ اور ایران کے استحکام کے لیے کوشاں رہے۔ خداوند متعال ان کے درجات بلند سے بلند تر فرمائے اور انہیں اہل بیت علیہم السلام کے ساتھ محشور فرمائے۔
دشمن یہ جان لیں کہ یہ پاک خون شجرۂ شہادت کو مزید تناور اور مثمر کرے گا۔ یہ تحریک اور یہ نہضت کبھی خاموش نہیں ہوگی۔ ان شاء اللہ ظہورِ منجیٔ بشریت حضرت ولی عصر صلوات اللہ علیہ کا دن ضرور آئے گا، اور دنیا دیکھے گی کہ پرچمِ علی ولی اللہ پوری دنیا میں لہرائے گا۔ یہ وہ وعدہ الہی ہے جسے کوئی طاقت تبدیل نہیں کر سکتی۔
آپ کا تبصرہ